”ورک آراونڈ“ جہاں آپ کو مل سکتا ہے بہترین دفتری سہولیات

صوبائی وزیرخزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا ہر قسم کے کاروبار کے محفوظ اور پرکشش صوبہ ہے، یہاں پر کوئی بھی سرمایہ کار بلاخوف سرمایہ کرسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان کسی بھی صنعت میں اپنا لوہامنوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں قائم ملک کے پہلے سرکاری بی پی او فیسلیٹی ”ورک آراونڈ“ کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ہمایوں خان، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر صاحبزادہ علی محمود، ڈائریکٹر فائنانس محمد منعیم، ڈپٹی ڈائریکٹر عمران خان اور پراجیکٹ منیجر ڈیجیٹل جابز ان خیبرپختونخوا محمد بلال بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر علی محمود نے صوبائی وزیر کو ”ورک آراونڈ“ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ”ورک آراونڈ“ میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس 350سیٹوں پر مشتمل اس فیسیلیٹی میں اس وقت چار کمپنیاں روزگار کررہی ہیں جن کو آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر علی محمود نے صوبائی وزیر ”ورک آراونڈ“ منصوبے کی توسیع کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے، اس شعبے کو ترقی دینے کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے ”ورک آراونڈ“ منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے اس فیسیلیٹی کو نوجوانوں کے روزگار کے لئے ایک بہترین منصوبہ قرار دیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ایفینٹی کمپنی کے سربراہ ضیاء چشتی نے دورہ پشاور کے دوران خیبرپختونخوا میں ذیلی دفتر کھولنے کا عندیہ دیا تھا جس سے سینکڑوں روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔وزیر خزانہ تیمورسلیم جھگڑا کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ کسی بھی میدان میں صوبہ و ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی کمپنیاں خیبرپختونخوا کا رخ کررہی ہیں۔ انہوں نے تمام بی پی او کمپنیوں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا ہرقسم کی سرمایہ کاری کے لئے بہترین جگہ ہے۔بی پی انڈسٹری میں کسی بھی کمپنی کو خیبرپختونخوا میں قابل اور باصلاحیت افرادی قوت مل سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی بورڈ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی سربراہی میں صوبے کو آئی ٹی کے ہب بنانے میں اپنا کردار ادا کریگا۔

بابر یوسفزئی

Written by 

گزشتہ ایک دہائی سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہے۔ ملکی و بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے اداروں کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں اس کے علاوہ ڈویلپمنٹ جرنلزم کے شعبے میں مہارت رکھتا ہے۔