موٹروے پر سہولت مراکز کا افتتاح

قومی شاہرات پر مسافروں کی رہنمائی اور انہیں بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے موٹرویز پر مخصوص مقامات پر سہولت مراکز (Facilitation Centres) قائم کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایسے مراکز کا باقاعدہ افتتاح آج نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آئی جی جناب انعام غنی صاحب نے مین ٹال پلازہ اسلام آباد پر ایک منعقدہ تقریب میں کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی موٹرویز جناب مظہر الحق کاکاخیل اور سیکٹر کمانڈر M-1 جناب ایس پی سعید ذیشان حیدر بھی موجود تھے۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس جناب انعام غنی کے ویژن کے مطابق، عوام کے لیے موٹرویز پر سفر مزید آسان بنانے کے لیے جگہ جگہ پر سہولت مراکز قائم کر دیے گئے ہیں

جن میں چوبیس گھنٹے افسران تعینات کیے جائیں گے جو کہ مسافروں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ پیش آنے والے مسائل کا بھی بروقت تدارک کریں گے۔ موقع پر موجود عوام نے بھی اس اقدام کو سراہا اور قائم کردہ سہولت مرکز سے مختلف قسم کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔ اس موقع پر آئی جی انعام غنی نے کہا کہ مستقبل میں عوام کے لیے جدید خطوط پر استوار سفر کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں باقاعدہ اقدامات کئے جائیں گے۔

ویب ڈیسک

Written by