553 واں جنم دن: گرونانک جی مشن کا میڈیکل کیمپ کا انعقاد

ریاض غفور

بابا گرونانک کی 553 جنم دن کی مناسبت سے سینکڑوں سکھ مت پیروکار خیبرپختونخوا سے ننکانہ پہنچ گئے جہاں مذہبی رسومات کے ساتھ مختلف نوعیت کی سماجی و فلاحی سرگرمیوں میں پشاور سے تعلق رکھنے والے سکھ یاتری بھی شریک ہوئے. پشاور سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنما اور حکمت کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بھی ننکانہ صاحب پنجاب میں میڈیکل کیمپ میں حصہ لیا جہاں انہوں نے آئے ہوئے ہزاروں یاتریوں کو صحت کی مد میں خدمات فراہم کیں. جبکہ فری میڈیکل کیمپ میں بنیادی ضرورت کی ادویات، لیبارٹری ٹیسٹ سمیت مرہم پٹی کی خدمات دی گئیں. سماجی رہنما اور ینگ فارماسسٹ کمیونٹی خیبرپختونخوا کے ممبر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ایلم نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب میں گورو نانک جی کے مشن کے ہیلتھ ٹیم کے ساتھ مل کر میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں پر مفت طبی خدمات فراہم کی گئیں. انہوں نے کہا میڈیکل کیمپ میں یاتریوں کو صحت سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ بابا گرونانک جی کی جنم دن کی مناسبت سے آنے والے کسی فرد کو بھی مشکلات کا سامنا نہ ہوں۔ واضح رہے، کہ گزشتہ ایک عرصے سے ٹویٹر و دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر کچھ یوزرز کی جانب سے ایسے مواد شئیر کئے جاتے رہے ہیں کہ جس میں خیبرپختونخوا میں بین المذاھب ہم آہنگی کی فقدان کا کہا جاتا ہے. ڈاکٹر جتندر سنگھ نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سے کئی بسوں پر مشتمل سکھ یاتریوں کا قافلہ کرتار پور پہنچا ہے جہاں پر بین المذاھب ہم آہنگی کی بہترین فضاء قائم ہے. انہوں نے کہا گرونانک جی مشن کی جانب سے جاری میڈیکل کیمپ میں تمام شعبہ جات کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز موجود ہیں جہاں پر شوگر و بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کئے گئے. بین المذاھب ہم آہنگی پر بات کرتے ہوئے جتندر سنگھ نے کہا کہ پشاور سمیت پورے پاکستان میں امن کی فضاء بحال ہے. میڈیا کو امن و امان کی خراب صورتحال کے حوالے سے گمراہ کن مواد کی بجائے آج کے دن ہونے والے مذہبی تقریبات کو بھی عوام تک پہنچانا چاہیئے. انہوں نے کہا کہ تین روزہ فری میڈیکل کیمپ کی سربراہی ڈاکٹر مینپال سنگھ کر ریے تھے جہاں پر فری میڈیکل چیک اپ کے ساتھ فری ادویات بھی تقسیم کی گئیں.

Written by