ایک اہم قدم: خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل جابز سروس شروع

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرذادہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، جدید دور میں ترقی کا دارومدار انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جدت اور ہر شعبے میں اس کے استعمال سے وابستہ ہے، صوبائی حکومت وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں آئی ٹی شعبے کے فروع کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں قیام ملک کے پہلے سرکاری بزنس پروسیس آوٹ سورسنگ فیسیلٹی (ورک آراونڈ) کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے رکن رنجیت سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈیجیٹل جابز ان خیبر پختونخوا منصوبے کے پراجیکٹ منیجر محمد بلال نے وفد کو بی پی او (ورک آراونڈ ) کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پراجیکٹ کے ایم این ای سعد جاوید، پریکیورمنٹ منیجر عرفان خٹک، یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے منیجر شعیب یوسفزئی، کاشف خان اور دوسرے عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر ذادہ کا کہنا تھا کہ ورک آراونڈ صوبائی حکومت کا منفرد اور نوجوانوں کے لئے ایک بہترین منصوبہ ہے انہوں نے ڈیجیٹل جابز منصوبہ شروع کرنے پر وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ناصرف خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مئیسر ہونگے بلکہ اس پراجیکٹ کی بدولت صوبے میں آئی ٹی شعبے کو ترقی بھی ملے گی۔
دورے کے دوران معاون خصوصی نے ورک آراونڈ میں کام کرنے والے بی پی او کمپنیوں کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کو فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کی۔

Written by