محکمہ اعلی تعلیم میں اقرباپروری ختم کرینگے: کامران بنگش

محکمہ اعلٰی تعلیم میں ریفارمز کا آغاز کررہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق احتساب، شفافیت کو عام کرکے اقربا پروری کو ختم کرینگے، احتساب کا عمل شروع ہوچکا ہے، طلبا قوم کا مستقبل ہیں، ایٹا کو مضبوط بناکر صوبہ کا مثالی ادارہ بنائیں گے، کامرس اور مینجمنٹ سائینسز کے شعبے میں روزگار کے مواقع زیادہ ہیں، کیرئیر کونسلنگ پر توجہ مرکوز کرنی ہے، نئے ضم شدہ اضلاع میں اعلٰی تعلیم کی خدمات عوام تک پہنچانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات اُٹھانے ہونگے، ان خیالات کا اظہار وزیراعلٰی محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلٰی تعلیم کامران بنگش نے محکمے آمد کے موقع پر دی جانیوالی بریفنگ کے دوران کیا۔
اس سے قبل معاون خصوصی محکمہ اعلٰی تعلیم تشریف لائے تو سیکرٹری اعلی تعلیم داود خان نے دیگر سینئر افسران کے ہمراہ معاون خصوصی کا اسقتبال کیا اور ادارے کے ہائیرارکی اور دیگر امور بارے معاون خصوصی کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں محکمہ اعلی تعلیم میں جاری ریفارمز، اے ڈی پی سکیمز اور ادارے کے خدمات بارے معاون خصوصی کو آگاہ کیا گیا۔ معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ صوبے میں دو سال کے دوران اُنیس نئے کالجوں کی تعمیر مکمل ہوئی ہے۔ محلمہ اعلی تعلیم کے تینوں ڈائریکٹوریٹس، ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن، ڈائریکٹوریٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز، ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اور ایٹا بارے تفصیلی بریفنگ ہوئی۔

بریفنگ کے بعد کامران بنگش نے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ احتساب، شفافیت کو عام کرکے اقربا پروری کا خاتمہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے اور اس منشور کو آگے لیکر اعلٰی معیاری تعلیم کو عام کررہے ہیں۔ احتساب کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کا عبدالولی خان یونیورسٹی میں ہونے والے بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ہم یونیورسٹیوں میں اصلاحات لا رہے ہیں اور یونیورسٹیوں میں بے قاعدگیاں اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں جبکہ بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ مجوزہ اصلاحات کے بعد یونیورسٹیوں میں کرپشن اور بے قاعدگیوں پر قابو پالیا جائے گا۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ طلبا قوم کا مستقبل ہیں اور ان کے کیرئیر کو پروان چڑھانے کیلئے ان کی کونسلنگ ناگزیر ہے۔ اعلٰی تعلیم میں کالجوں اور یونیورسٹیز میں ہم کیرئیر کونسلنگ پر توجہ مرکوز کرینگے۔ کامرس اور مینجمنٹ سائینسز کے شعبے میں روزگار کے مواقع زیادہ ہیں اور مارکیٹ ڈریون ڈسپلنز اور شارٹ کورسز متعارف کرکے بے روزگاری پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔
صوبے کے واحد ٹیسٹنگ ایجنسی ایٹا بارے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ادارے کو ہیومن ریسورس کیساتھ مضبوط بناکر تمام تر سرکاری اداروں کی بھرتی اور یونیورسٹیوں اور کالجوں کے داخلہ ٹیسٹ ترتیب دینے کا اہل بناکر صوبہ کا مثالی ادارہ بنائیں گے۔ انہوں نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت کی تا حکم ثانی ہر طرح کی پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی عائد کی جائے اور ہر مہینے محکمے کا جائزہ اجلاس بلاکر جاری ریفارمز اور سونپے گئے ٹاسکس پر تفصیلی بحث ہوگی۔

Written by