ایک رات میں تین مسروقہ گاڑیاں برآمد، چوری کتنی ہوتی ہے؟

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ایک ہی رات میں تین مسروقہ گاڑیاں برآمد کرنے کی کامیاب کارروائی۔

اطلاعات کے مطابق بروز بدھ رات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران کو بذریعہ وائرلیس مسروقہ کرولا گاڑیوں کی ناکہ بندی نوٹ کروائی گئی۔ موٹروے پولیس کی تمام فیلڈ فارمیشن چوکس ہوئیں۔ رات کے آخری پہر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اینٹی کرائم سکواڈ کے مشاہدے میں ایک مشکوک گاڑی آئی۔ اینٹی کرائم سکواڈ کے تعاقب کرنے پر مذکورہ گاڑی پشاور ٹال پلازہ سے کچھ کلومیٹرز پیچھے سڑک کنارے لاوارث کھڑی پائی گئی۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر اس کی ڈگی سے اصلی نمبر پلیٹس برآمد ہوئیں جس کے ذریعے بعد از تفتیش گاڑی کا اصل نمبر AJW-014 معلوم ہوا۔ گاڑی میں کوئی شخص نہیں پایا گیا اور گاڑی تحویل میں لے لی گئی۔ کچھ ہی لمحوں بعد پشاور ٹال پلازہ ہی کے قریب دو اور گاڑیاں جو کہ ناکہ بندی کے ذریعے نوٹ کروائی گئی تھیں کو کامیابی کے ساتھ برآمد کر لیا گیا جس میں سے ایک گاڑی کا نمبر بعد از تفتیش AEY-888 اور دوسری گاڑی کا LEF-9924 معلوم ہوا۔ تفتیش کے بعد معلوم شدہ مسروقہ گاڑیوں کے لیے لوکل پولیس سے رابطہ کر لیا گیا ہے اور بعد از ضروری قانونی کارروائی گاڑیاں لوکل پولیس کے حوالے کر دی جائیں گی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے قومی شاہرات کو محفوظ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اپنا اولین نصب العین گردانتی ہے۔

ویب ڈیسک

Written by